نئی دہلی،26دسمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)ہندوستان کے معروف کرکٹ کھلاڑی اور فاسٹ بولر محمد شامی کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے اور اس پر بھانت بھانت کے تبصرے کیے جا رہے ہیں۔اس تصویر میں ان کی اہلیہ حسین جہاں بھی ہیں اور سارا قضیہ ان کے لباس کے متعلق ہے۔ ویسے انڈیا میں لباس پر یہ کوئی نئی بحث نہیں ہے۔ اس سے قبل انڈیا کی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے لباس پربھی سوشل میڈیامیں بحث ہوئی تھی۔واقعہ یہ ہے کہ محمد سمیع کے بعض مداحوں کو ان کی بیوی کا یہ لباس پسند نہیں آیا اور انھوں نے اسلام اوراللہ کاحوالہ دے کر انھیں اس سے بچنے کا مشورہ دیا ہے۔سلمان انصاری نامی ایک شخص نے لکھا ہے کہ شرم کرو سر، آپ ایک مسلمان ہو، بیوی کو پردے میں رکھو اور کچھ سیکھو آملہ (ہاشم آملہ)علی (معین علی)سے اور بھی بہت ساروں سے۔محمد بلال رضوی نے لکھا ہے کہ شرم آنی چاہیے سمیع، ایک دن مرنا ہے یہ مت بھولو، بیویوں کو کیسے رکھا جائے اپنے ساتھی کرکٹر پٹھان برادران سے سیکھو۔بعض لوگوں نے یہاں تک پوچھ لیا کہ آپ کیا مسلمان ہیں تو بعض نے پوچھا کہ سنی ہیں یا شیعہ۔تاہم کرکٹ اور دوسرے شعبوں سے منسلک زیادہ تر لوگوں نے ان کی اہلیہ کے لباس کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو سخت جواب دیاہے۔
اس ہندوستانی فاسٹ بولر نے اگرچہ ٹویٹر اور فیس بک پر ٹرولس پر کرارا جواب بھی دیا ہے۔انہوں نے 40ہزار سے زیادہ فالوورس کو لکھا کہ ویری گڈ مارننگ ! ہر کسی کو زندگی میں مقام نہیں ملتا، کچھ قسمت والے ہی ہوتے ہیں جنہیں یہ نصیب ہوتاہے،جلتے رہو ۔سمیع نے لکھا کہ یہ دونوں(بیوی اور بیٹی)میری ’’لائف پارٹنر‘‘ہیں، میں اچھی طرح جانتا ہوں کہ کیاکرناہے کیا نہیں،ہمیں اپنے اندر دیکھنا چاہئے ہم کتنے اچھے ہیں ؟۔سمیع نے 23دسمبر کو فیس بک پر اپنے خاندان کی تصویرپوسٹ کی تھی جس کے بعد ان کے کچھ فالورس نے خراب تبصرے کئے جنہوں نے کہا کہ اس کی بیوی کی ڈریس غیراسلامی ہے۔سمیع کے ساتھی کرکٹر محمد کیف نے تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے لکھا کہ یہ تبصرے واقعی شرمناک ہیں۔ محمد شامی کی پوری طرح حمایت کرتے ہیں۔ اس ملک میں اور بھی بڑے مسائل ہیں۔ امید ہے کہ شعور کی جیت ہو گی۔ان کے جواب میں معروف صحافی برکھا دت نے لکھا کہ واقعی؟ کیا یہ سچ ہے؟ یہ بہت شرمناک ہے۔ اس لیے نہیں کہ یہاں مزید بڑے مسائل ہیں بلکہ اس لیے کہ اس سے دوسروں کو سروکار نہیں ہونا چاہیے۔ یہ بہت ہی گھٹیا بات ہے۔اس کے علاوہ محمدسمیع کی بیوی حسین جہاں اور ان کی بیٹی کی ایک دوسری تصویر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے۔اتر پردیش کے امروہہ میں تین ستمبرسنہ1990کو پیدا ہونے والے محمد سمیع گھٹنے میں چوٹ کے سبب انگلینڈ کے خلاف جنوری میں ہونے والی سیریزمیں شامل نہیں کیے گئے ہیں۔اس سے قبل انھیں نیوزی لینڈ کے خلاف بھی پہلے تین ونڈے کے لیے آرام دیاگیاتھا۔